اپنے دوستوں کو دیکھیے

بسم اللہ الرحمن الرحیم

از ۔۔۔✍🏻: محمد انور پارکھیتی

آج دوران مطالعہ ایک قصہ نظر سے گذرا، جس نے نہ صرف چونکا دیا بلکہ بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا ۔ پہلے قصہ قارئین کی خدمت میں پیش ہے، پھر دیگر پہلوؤں پر غور کریں گے۔
” ایک صاحب کسی قادیانی کی صحبت میں رہنے کی وجہ سے قادیانیت کی طرف مائل ہونا شروع ہو گئے، میلان اتنا بڑھا کہ قادیانی کتابوں کا مطالعہ شروع کر دیا ۔ ایک رات مرزا قادیانی کی کتاب پڑھتے پڑھتے سو گئے ۔ اسی دوران ایک خواب دیکھا کہ رات کا گھٹاٹوپ اندھیرا ہے، وہ ایک سنسان جنگل میں کھڑے ہیں، اچانک اپنے پاس سے ایک جنازہ گزرتا ہوا دیکھا، جس کے ساتھ صرف چار آدمی تھے، سب نے ایک ایک پائے کو اٹھا رکھا تھا، اور اپنے منہ پر سیاہ کپڑا بھی باندھ رکھا تھا ۔
عجیب بات یہ تھی کہ میت پر کوئی چادر نہیں تھی اور بہت ساری مکھیاں میت پر بھنبھنا رہی تھیں ۔ نیز میت سے انتہائی غلیظ و بدبودار مادہ ٹپک رہا تھا ۔ خواب دیکھنے والے آدمی نے بہت ہمت جٹا کر ان میں سے ایک شخص سے پوچھا کہ یہ کس کا جنازہ ہے؟ تو اس آدمی نے بہت ہی ترش روئی سے جواب دیا: مرزا قادیانی کا ۔

صبح بیدار ہوتے ہی یہ صاحب زاروقطار رونے لگے، سب گھر والے جمع ہوگئے اور رونے کی وجہ دریافت کی ۔ انہوں نے خواب سنایا اور کہا کہ آپ سب گواہ رہنا میں قادیانیت سے توبہ کرتا ہوں، اور مرزا ملعون پر کروڑوں لعنتیں بھیجتا ہوں ۔”

قصہ پڑھتے ہی معا بہت سارے خیالات نے گھیر لیا کہ اگر باطل فرقے کی طرف جھکاؤ پر اتنے خطرناک انداز میں تنبیہ کی جا رہی ہے تو ہمارے جو مؤمن بھائی بہن غیروں کو اپنا آئیڈیل بنائے ہوئے ہیں، ان کا سا رہن سہن اپنائے ہوئے ہیں، کھلم کھلا ان کے فین اور فولوور ہونے کا اقرار؛بلکہ فخر کرتے ہیں، ان کا کیا حشر ہوگا؟ اس دلدل سے ان کو کیسے نکالا جائے؛ جبکہ وہ خود کو کسی بڑی انڈسٹری کے باغیچہ میں ٹہلتا محسوس کر رہے ہیں!!! ہمارے بچے اور نوجوان؛ بلکہ ماں بہنیں بھی اداکار و اداکاراؤں کی نقالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں؛ بلکہ برملا اظہار کرتے ہوئے تھکتی نہیں ہیں، ان کا کیا بنے گا؟؟؟

بس! اتنا کام کر لیجیے کہ ان ایمانی بھائی بہنوں کو تشبہ بالغیر کی قباحت و شناعت سے واقف کرکے مصلحانہ و مشفقانہ انداز میں روکنے کی کوشش کیجیے، تنقید و تنقیص سے بچ کر فہمائش کے گلدستوں سے ان کی اصلاح کی سعی کیجیے ۔ جب ہر فرد امت اپنے اپنے حصے کا چراغ روشن کرنے کی سعی کرے گا تو یہ خرافاتی اندھیرا رخصت ہو کر جلد صبح ہدایت طلوع ہوگی، ان شاءاللہ۔۔۔۔۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top